قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹی ٹوینٹی اسکواڈ کافی حد تک فائنل کرلیا ہے اور اعلان آئندہ ہفتے کو متوقع ہے، ذرائع کے مطابق کپتان بابراعظم کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔
صائم ایوب اور محمد حارث کو بھی ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حالانکہ دونوں بیٹرز نے ایشیا کپ میں نمایاں کارکردگی نہیں دکھائی تھی۔
ذرائع کے مطابق سلیکٹرز، کوچز اور کپتان نے دونوں کھلاڑیوں کو مزید موقع دینے پر اتفاق کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی اور حارث رؤف بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی بھی واپسی کا امکان ہے۔ خوشدل شاہ اور حسین طلعت کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، نوجوان آل راؤنڈر عرفان نیازی کی ٹیم میں واپسی متوقع ہے، تاہم وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی جگہ بنانا مشکل نظر آرہا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوینٹی یا ون ڈے فارمیٹ میں سے کسی ایک سے آرام دینے پر غور جاری ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔