پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ ابھی کافی وقت بعد ہے، اس لیے ہماری توجہ اس وقت آنے والی ٹرائی سیریز جیتنے پر ہے تاکہ ٹیم اعتماد اور بہتر فارم کے ساتھ بڑے ایونٹس میں شریک ہو سکے۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 19.5 اوورز میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
افغانستان کے کپتان راشد خان 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، رحمان اللہ گرباز 38 رنز بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 31 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی، محمد نواز اور سفیان مقیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ پلان اچھا تھا اور اس پر عمل بھی ہوا، فیورٹ کا نہیں سوچتے، ہم فیوریٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کپتان جو بھی ہو اس کی عزت کرنی ہے۔
کپتان سلمان علی آغا نے بھی فاسٹ بولرز حارث رؤف اور شاہین آفریدی کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں نے شاندار بولنگ کی ہے۔
واضح رہے کہ ٹرائی سیریز میں گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ یو اے ای سے کھیلیں گے جبکہ ہر ٹیم سیریز میں دو مرتبہ مدمقابل آئے گی۔