فائنل کے لیے تیار، کسی سے خوف نہیں — شاہین شاہ آفریدی

فائنل کے لیے تیار، کسی سے خوف نہیں — شاہین شاہ آفریدی


پاکستان کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ گرین شرٹس ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچیں گے اور اگر روایتی حریف بھارت سے ایک بار پھر مقابلہ ہوا تو اسے بھی شکست دے سکتے ہیں، فائنل میں جو بھی ٹیم آئے اسے ہرانے کیلئے تیار ہیں۔

پاکستان نے گزشتہ روز ابوظبی میں سپر فور مرحلے کے ایک میچ میں سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر اپنی مہم کو زندہ رکھا۔ جاری ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت دو بار آمنے سامنے آ چکے ہیں لیکن دونوں ٹیمیں کبھی بھی ایشیا کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف نہیں کھیلی ہیں۔

ایشیا کپ ، جو اس بار متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ٹی 20 فارمیٹ کے تحت کھیلا جا رہا ہے، 1984 میں شروع ہوا تھا اور یہ اس کا 17واں ایڈیشن ہے۔ بنگلہ دیش، جس کا بدھ کو بھارت اور جمعرات کو پاکستان سے مقابلہ ہے، دونوں بڑے حریفوں کے درمیان اتوار کو دبئی میں فائنل ہونے کی راہ میں حائل ہے۔

بھارت دفاعی چیمپئن ہے اور پچھلے دونوں میچوں میں پاکستان کو شکست دے چکا ہے، لیکن سری لنکا کے خلاف 3 وکٹ پر 28 رنز لے کر شاہین آفریدی خاصا پر اعتماد نظر آئے۔ جب شاہین شاہ آفریدی سے پوچھا گیا کہ پاکستان اور بھارت اب تک کسی فائنل میں نہیں ٹکرائے اور دونوں حریفوں کے فائنل میں پہنچنے کے امکان کے بارے میں کیا خیال ہے، تو انہوں نے کہا کہ’ وہ ابھی تک فائنل میں پہنچے ہی نہیں ہیں، جب وہ پہنچیں گے تو پھر دیکھا جائے گا۔’

انہوں نے مزید کہا کہ’ ہم یہاں کپ جیتنے آئے ہیں، فائنل میں جو بھی ٹیم آئے ہم اسے ہرانے کے لیے تیار ہیں۔’ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ جاتی ہیں تو بھارت ایک بار پھر فیورٹ ہو گا کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیلے گئے 15 ٹی 20 انٹرنیشنلز میں سے بھارت 12 میچ جیت چکا ہے۔

بھارت نے ستمبر 2022 کے بعد سے پاکستان کے خلاف مسلسل سات انٹرنیشنل میچ جیتے ہیں، جن میں چار ٹی 20 اور تین ایک روزہ میچ شامل ہیں۔ پاکستان کو اب بھی تینوں فارمیٹس میں بھارت پر برتری حاصل ہے، پاکستان نے 88 جبکہ بھارت نے 79 میچ جیتے ہیں۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے دعویٰ کیا تھا کہ ’ بھارت اور پاکستان کے درمیان اب کوئی روایتی مقابلہ نہیں رہا۔’ یو اے ای میں بھارت کی دونوں فتوحات کے بعد دونوں ٹیموں نے ہاتھ نہیں ملائے تھے، جس سے دونوں حریفوں کے درمیان تناؤ میں مزید شدت آگئی ہے۔ شاہین نے سوریا کمار کے بیان پر کہا کہ’ یہ ان کی رائے ہے، کہنے دیں، جب وہ فائنل میں پہنچیں گے تب دیکھیں گے، ہمارا کام ایشیا کپ جیتنا ہے اور ہم اس کے لیے پوری کوشش کریں گے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top