بابر اور رضوان ملکی کرکٹ کے اہم ستون ہیں، شاہین نے اختلافات کی افواہوں کی تردید کر دی

بابر اور رضوان ملکی کرکٹ کے اہم ستون ہیں، شاہین نے اختلافات کی افواہوں کی تردید کر دی


شاہین آفریدی نے ٹیم میں اختلافات کی افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا اور کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان ملکی کرکٹ کے قیمتی کھلاڑی ہیں، لیکن نوجوان کھلاڑیوں کی بھی حمایت ضروری ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو انٹرویو میں شاہین نے کہا کہ ٹیم میں اختلافات کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ باہر سے لوگ باتیں ضرور کرتے ہیں، مگر حقیقت بالکل مختلف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے کسی خاندان میں معمولی باتیں ہو جاتی ہیں، ویسے ہی ٹیم میں بھی چھوٹی موٹی باتیں ہو سکتی ہیں۔

تاہم ہمارا اصل مقصد پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنا اور شائقین کو خوشی دینا ہے۔ باقی معاملات ذاتی آراء ہیں اور ان کا احترام ہونا چاہیے۔

شاہین نے مزید کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان پاکستان کرکٹ کے اثاثے ہیں، تاہم نئے کھلاڑیوں پر اعتماد کر کے ہی ٹیم کو مستقبل کے لیے مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

اگر ہم نوجوان کھلاڑیوں پر تنقید کے بجائے اعتماد کریں تو یہ سب کے لیے فائدہ مند ہوگا، کیونکہ یہ بھی پاکستان کے نمائندہ کھلاڑی ہیں اور انہیں آگے لے جانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرائنگولر سیریز، ایشیا کپ سے قبل قومی ٹیم کے لیے بہترین تیاری کا موقع فراہم کرے گی۔ کیمپ کے دوسرے دن کی تیاری اطمینان بخش رہی۔

جمعرات کی شب کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی جبکہ جمعے کو دبئی اسٹیڈیم میں سیشن اور وارم اپ میچ ہوا۔

جس سے کھلاڑیوں کے اعتماد اور فٹنس دونوں میں بہتری آگئی، یہ تیاریاں ٹرائنگولر سیریز اور ایشیا کپ میں ٹیم کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔

ایک سوال پر شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کسی بھی ٹیم کے لیے آسان نہیں ہوتی تاہم پاکستان کے پاس موجود نوجوان کھلاڑی پوری طرح تیار اور بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پْرعزم ہیں۔

پلیئرز کو اس بار دبئی اسٹیڈیم میں تیاریوں کا زیادہ وقت مل رہا ہے جس سے کھیل میں نکھار آنے کے ساتھ بڑے مقابلوں کیلیے ٹیم کا حوصلہ بھی بلند ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ فی الحال ہمارا پہلا ہدف ٹرائنگولر سیریز ہے جس کے بعد توجہ ایشیا کپ پر مرکوز کی جائے گی۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top