اس بات کے امکانات کم ہیں کہ پاکستانی شائقین فوری طور پر اسٹار کرکٹرز بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو ایکشن میں دیکھ سکیں۔؎ان تینوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں چانس ملنے کی اُمید تھی لیکن اب لگتا ہے کہ پاکستان تین ون ڈے کھیلنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
اگر ویسٹ انڈیز تین کے بجائے پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے پر راضی نہیں ہوا تو پاکستانی ٹیم امریکا میں تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل کر وطن واپس آجائے گی اور تین ون ڈے میچ بعد میں کھیلے جائیں گے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈھاکہ روانگی سے قبل کھلاڑیوں کو بھی یہی بتایا گیا ہے۔
حد درجہ ذمہ دار ذرائع کے مطابق پی سی بی ویسٹ انڈین بورڈ کو خط لکھ چکا ہے کہ ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کی وجہ سے تین کے بجائے وہ پانچ ٹی ٹوئنٹی کھیلنا چاہتا ہے۔ کئی دن گزرنے کے بعد ویسٹ انڈین بورڈ نے ای میل کا جواب نہیں دیا ہے۔
پاکستانی ٹیم ڈھاکا سے 25جولائی کو براستہ دبئی ، امریکا روانہ ہوگی۔ جہاں ویسٹ انڈیزسے فلوریڈا میں لوڈر ہل کے مقام پر تین ٹی 20 میچ یکم، تین اور چار اگست کو کھیلے جائیں گے۔ جب کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک دوستانہ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل بھی کھیلا جائے گا۔ گزشتہ سال امریکا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو سپر اوور میں حیران کن شکست دی تھی۔
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان تین ون ڈے انٹر نیشنل 8،10،12اگست کو ٹرینڈاڈ اینڈ ٹوبیگو میں شیڈول ہیں۔ سوشل میڈیا پر ویسٹ انڈین بورڈ تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت کے اشتہارات دے رہا ہے لیکن پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز جانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ ویسٹ انڈیز سے ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان ہونا بھی باقی ہے۔
پاکستان ٹیم میں چند تبدیلیاں کی جائیں گی لیکن بابر اعظم ، محمد رضوان، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو کسی کھلاڑی کے ان فٹ ہونے کی صورت میں ہی موقع مل سکتا ہے ۔
کراچی میں قومی کیمپ کے اختتام پر بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی ، محمد وسیم جونیئراور نسیم شاہ اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔ ایک دن پہلے سلمان آغا نے سلیکشن پالیسی سے متعلق جنگ کو بتایا تھا کہ ہم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک 25کھلاڑیوں کا پول تیار کرلیا ہے، اس میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں ۔
پاکستانی ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ مائیک ہیسن اور غیر ملکی کوچز پہلی بار پاکستان ٹیم کے ساتھ بیرون ملک جارہے ہیں۔