پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ فائنل دبئی میں کل اتوار کو کھیلا جائے گا۔ فائنل سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے سبب رواں سال روایتی ٹرافی فوٹو شوٹ نہیں ہو رہا۔
منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کو کوئی فوٹو شوٹ نہیں ہوگا، اور اتوار کو فائنل سے قبل اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب، بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے دو میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔
فائنل میں بھی امکان کم ہے کہ دونوں کپتان ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں، کیونکہ گزشتہ رویے کے پیش نظر ماحول کشیدہ رہنے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا آج رات 7 بجے پاکستانی وقت کے مطابق پریس کانفرنس کریں گے۔
پاکستان ٹیم پاکستانی وقت کے مطابق رات7 سے 10 بجے دبئی میں واقع آئی سی سی اکیڈمی میں فائنل سے پہلے پریکٹس میں حصہ لے گی۔