قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ ٹیم کو بخوبی علم ہے کہ فائنل میں کیا کرنا ہے اور ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔ بنگلادیش کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 11 رنز سے کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا کا کہنا تھا کہ “اگر آپ اس طرح کے میچز جیتیں تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ ایک خاص ٹیم ہیں۔
بولرز نے شاندار باؤلنگ کی اور فیلڈرز نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ شاہین آفریدی نے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ ڈالا، جس کا ٹیم کو بڑا فائدہ ہوا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان اور بھارت اتوار کے روز فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
موجودہ ایونٹ میں دونوں ٹیمیں دو بار مقابلہ کر چکی ہیں اور دونوں بار بھارت کو کامیابی ملی ہے۔
1984 سے کھیلے گئے ایشیا کپ کے 16 ایڈیشنز میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل میں پہنچے ہیں۔
تاہم شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کو کھیلتا دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت سب سے زیادہ 8 بار ایشیا کپ جیت چکا ہے، سری لنکا نے 6 بار اور پاکستان نے 2 بار ٹرافی اٹھائی ہے۔