نیند اور ذہنی صحت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو ہر ماہ اپنی آمدنی کا کچھ حصہ بچانا شروع کر دیں۔ یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی۔
برسٹل یونیورسٹی کی تحقیق میں ماہانہ بچت سے نیند کے معیار اور مجموعی شخصیت پر مرتب ہونے والے اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر ماہ بچت کرنے والے افراد زیادہ پرسکون رہتے ہیں جبکہ مستقبل کے بارے میں زیادہ پرامید بھی ہوتے ہیں۔
تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ کم آمدنی والے افراد اگر بچت کرنا شروع کر دیں تو زندگی کے حوالے سے ان کا اطمیان زیادہ کمانے والوں جتنا ہو جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ہر ماہ معمولی بچت سے بھی مالی تناؤ گھٹ جاتا ہے جبکہ غیر متوقع حادثات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ ماہانہ بچت سے نیند کا معیار بھی بڑھتا ہے جبکہ مختلف ذہنی امراض جیسے انزائٹی یا ڈپریشن کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زندگی کے اہم واقعات جیسے کسی نئے گھر میں منتقل ہونے یا شادی کرنے سے ذہنی صحت پر نمایاں مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس کے مقابلے میں ملازمت سے محرومی یا اولاد کی پیدائش سے ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر فرد کو جس حد تک ممکن ہو سکے بچت کرنی چاہیے تاکہ ان کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہو سکیں۔