انڈور میں آسٹریلوی خاتون کھلاڑیوں سے ہراسانی کا واقعہ، ملزم گرفتار

انڈور میں آسٹریلوی خاتون کھلاڑیوں سے ہراسانی کا واقعہ، ملزم گرفتار


بھارت میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ سے قبل ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا، جہاں آسٹریلیا کی دو خاتون کرکٹرز کو ریاست مدھیہ پردیش کے شہر انڈور میں مبینہ طور پر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح اس وقت پیش آیا جب دونوں کھلاڑی اپنے ہوٹل سے قریب ہی موجود ایک کیفے کی طرف پیدل جا رہی تھیں کہ ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے ان کا پیچھا کیا اور مبینہ طور پر نازیبا حرکت کے بعد فرار ہوگیا۔

متاثرہ کھلاڑیوں نے فوری طور پر ایس او ایس الرٹ جاری کیا اور اپنی ٹیم کے سیکیورٹی منیجر ڈینی سمنز کو اطلاع دی، جنہوں نے مقامی حکام سے رابطہ کر کے واقعے کی اطلاع دی۔

پولیس نے شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایم آئی جی تھانے میں مقدمہ درج کیا اور ملزم عقیل خان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ خجرانہ روڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک راہگیر نے ملزم کی موٹر سائیکل کا نمبر نوٹ کرلیا تھا، جس کی مدد سے اسے ٹریس کیا گیا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گرفتار شخص کے خلاف پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں، پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

اس واقعے میں اس پر بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعات 74 (خواتین کی عزت مجروح کرنے کے لیے طاقت کا استعمال) اور 78 (تعاقب کرنا) کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ہیمانی مشرا نے متاثرہ کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے بیانات ریکارڈ کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم کے قیام پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top