انڈر 19 والی بال ورلڈ چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں ریفری کے متنازع فیصلے کے باعث پاکستان کو پولینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ازبکستان میں جاری ورلڈ انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان مقابلہ سنسنی خیز رہا جس میں پولینڈ 3۔2 سے فاتح رہا۔
میچ کے دوران اور خاص طور پر آخری لمحات میں ریفری کے فیصلے متنازعہ رہے جس پر میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی ریفری کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی۔
اس حوالے سے پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب کا کہنا تھا کہ ریفری کے متنازع فیصلوں کے معاملے پر عالمی والی بال تنظیم ایف آئی وی بی کو خط لکھ کر احتجاج کریں گے۔
چوہدری یعقوب نے انکشاف کیا کہ آخری پوائنٹ کے بعد پاکستان ٹیم کے مینجر نے کنٹرول کمیٹی سے کہا تھا کہ اس فیصلے کی فوٹیج کو دیکھا جائے۔
جس کے بعد کنٹرول کمیٹی کے نمائندے نے اعتراف کیا کہ پولینڈ کا فاول ہوا تھا اور غلطی پر معذرت کی تاہم ٹورنامنٹ میں ریفری کے فیصلے پر ری ویو دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے فیصلہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
ریفری کے متنازع فیصلوں پر سوشل میڈیا پر بھی والی بال کے مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔