پرتگالی فٹبالر ڈئیگو جوٹا کار حادثے میں ہلاک

پرتگالی فٹبالر ڈئیگو جوٹا کار حادثے میں ہلاک


انگلش کلب لیورپول اور پرتگال کی قومی ٹیم کے فٹبالر ڈئیگو جوٹا اور ان کے بھائی اسپین میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس نے حادثے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں لیکن ابھی سرکاری سطح پر جاں بحق افراد کے ناموں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

یہ حادثہ اسپین کے شمال وسطی علاقے زمورا میں پیش آیا، جس کے علاقائی فائر ڈیپارٹمنٹ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ جمعرات کو رات گئے ایک کار حادثے کا شکار ہوئی جس میں آگ لگ گئی جبکہ جائے وقوعہ پر 28 اور 26 سالہ دو افراد مردہ پائے گئے۔

ڈئیگو جوٹا کے کلب لیورپول نے ونگر کی المناک موت کو کلب کے لیے تباہ کُن قرار دیا۔

کلب نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا، ’کلب کو مطلع کیا گیا ہے کہ 28 سالہ نوجوان اسپین میں اپنے بھائی آندرے سلوا کے ہمراہ ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کرگئے ہیں۔

’لیورپول ایف سی اس وقت مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گی اور ڈئیگو اور آندرے کے اہل خانہ، دوستوں، ٹیم کے ساتھیوں اور کلب کے عملے کے لیے پرائیویسی کی درخواست کرے گی کیونکہ انہوں نے ناقابل تصور نقصان کا سامنا کیا ہے‘۔

ڈوئیگو جوٹا کی 28 جون کو شادی ہوئی تھی، وہ فٹبال بریک میں تعطیلات گزارنے کے لیے اسپین میں موجود تھے۔

انہوں نے 2025ء-2024ء سیزن میں پریمیئر لیگ ٹائٹل جیتنے میں لیورپول کی مدد کی جبکہ انہوں نے ایف اے کپ بھی جیتا۔

انہوں نے پرتگال کے لیے بھی 49 میچز کھیلے جبکہ انہوں نے قومی ٹیم کے ساتھ دو یوئیفا نیشنز لیگ ٹائٹلز بھی جیتے۔

جوٹا کے 26 سالہ بھائی آندرے بھی پتگال کے لیے فٹبال کھیلتے ہیں۔ پرتگالی فٹ بال فیڈریشن نے کہا کہ جوٹا اور آندرے کی موت پر پوری پرتگال فٹبال کمیونٹی غمزدہ ہے۔

پرتگالی وزیر اعظم لوئس مونٹی نیگرو نے نوجوان فٹبالر کی موت کی خبر پر کہا کہ ’ایک کھلاڑی جس نے پرتگال کے نام کو عزت بخشی، ان کی موت غیر متوقع اور افسوسناک ہے‘۔

فٹبالر کے لیے انگلش پریمیئر لیگ کے کلبز سمیت دیگر لیگز کے کلبز اور کھلاڑیوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات دیے جارہے ہیں جنہوں نے نوجوان کھلاڑی کی موت کو دنیائے فٹبال کا نقصان قرار دیا ہے۔

مایہ ناز پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ،’یقین نہیں آتا، ابھی ہم قومی ٹیم میں ساتھ کھیل رہے تھے اور ابھی آپ کی شادی ہوئی تھی، ڈئیگو اور آندرے ہم آپ کو بہت یاد کریں گے، آپ کی بیوی اور بچوں سے میں تعزیت کرتا ہوں‘۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top