اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ٹوکیو اولپمکس کے بعد پاکستان چھوڑنے کی آفر ہوئی تھی جسے مسترد کر دیا تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فخر پاکستان ارشد ندیم نے انکشاف کیا کہ انہیں کئی بار دوسرے ملکوں سے پیشکش کی گئی کہ ہمارے پاس آجاؤ آپ کو ٹریننگ بھی دیں گے اور ورلڈ چیمیئن بھی بنائیں گے مگر میں نے انکار کر دیا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ انہیں پاکستان کی مٹی سے پیار ہے، پاکستان میں ہی ٹریننگ کریں گے اور پاکستان سے ہی ورلڈ چیمئین بنیں گےاور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کی والدہ نے کہا کہ وہ بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا جب کہ وہ پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم پر انعامات کی بارش کردی گئی اور حکومتی ونجی سطح پر ارشد ندیم کے لیے انعامات کے اعلانات کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کو یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا اور آج انہیں 15 کروڑ روپے کو چیک دیا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے انعام اور خصوصی نمبر پلیٹ والی گاڑی اعزاز میں دی جبکہ سندھ حکومت نے بھی ارشد ندیم کو 5 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔
گورنر سندھ اور گورنر پنجاب کی جانب سے ارشد ندیم کے لیے 20، 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، معروف گلوکار علی ظفر نے اس شاندار کامیابی پر ارشد ندیم کو 10 لاکھ اور پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی جعفرحسین نے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشنز نے بھی اعلان کررکھا ہے وہ 2024 پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والوں کو پچاس ہزار ڈالر انعام دے گی۔