ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت اتوار کے روز آمنے سامنے ہوں گے لیکن بڑے ٹاکرے سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو اہم پیغام جاری کیا ہے۔
پاکستانی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم پاکستان کو واضح پیغام دیا ہے کہ بھارت کے خلاف صرف کھیل پر توجہ دی جائے۔
دباؤ والے میچز میں جذبہ آنا فطری بات ہے مگر ہمیں اپنی توانائی کھیل پر مرکوز رکھنی ہوگی۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلا دیش کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس میں نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ مائیک ہیسن نے تسلیم کیا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کی کارکردگی کمزور تھی مگر دوسرے میچ میں ٹیم نے بہتر فائٹ کی تھی۔
مائیک ہیسن نے نے جیت کے عزم کو ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پچھلے میچ میں بھارت کو کافی دیر تک دباؤ میں رکھا۔
مگر میچ ختم کرنے کے لیے ہمیں یہ دباؤ زیادہ دیر تک برقرار رکھنا ہوگا، یہی ہماری اصل آزمائش ہے۔
پاکستان کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیم نے مسلسل کامیابیوں کے بعد اعتماد حاصل کیا ہے اور اب کھلاڑی اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت اب تک 8 بار ایشیا کپ ٹرافی جیت چکا ہے جبکہ پاکستان صرف 2 بار ایشیا کپ جیت سکا اور آخری بار گرین شرٹس آخری بار 2012 میں ایشین چیمپئن بنے تھے۔
ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پاکستان اور بھارت پہلی بار فائنل کھیلیں گے جو اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔