سابق کرکٹر کی موت سے متعلق اہلیہ کا حیران کن انکشاف

سابق کرکٹر کی موت سے متعلق اہلیہ کا حیران کن انکشاف


انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھورپ گزشتہ دنوں 55 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، ان کی موت سے متعلق اب اہلیہ نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے 5 اگست کو بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ گراہم تھورپ اس دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں، ان کی موت کا صدمہ ناقابل بیان ہے۔

رپورٹس کے مطابق گراہم تھورپ 2022 سے شدید بیمار تھے اور ان کا علاج جاری تھا، البتہ ان کی بیماری کی وجوہات سامنے نہیں آئی تھیں اور موت کی واضح وجہ کا بھی معلوم نہیں ہوسکا تھا۔

تاہم اب انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھورپ کی اہلیہ نے ان کی موت سے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے۔

گراہم تھورپ کی اہلیہ امانڈا نے انکشاف کیا ہے کہ سابق انگلش کرکٹر نے گزشتہ دو سال سے اپنی خراب صحت کی وجہ سے ڈپریشن اور پریشانی کے باعث اپنی جان خود لی۔

ان کی اہلیہ نے انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ گراہم تھورپ نے طویل ذہنی اور جسمانی جنگ لڑی۔

انہوں نے بتایا کہ گراہم تھورپ حالیہ دنوں میں بہت بیمار تھے اور انہیں واقعی یقین ہوگیا تھا ان کی بیماری کی وجہ سے ان کے گھر والوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے، لیکن ان کے جانے سے ہماری زندگی بہتر ہوجائے گی اس لیے سابق کرکٹر نے اپنی جان لی۔

امانڈا نے کہا کہ ہم نے بطور خاندان گراہم کا ساتھ دیا اور ان کے علاج کی کافی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے ان میں سے کوئی بھی کام نہیں کر سکا۔

واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کے گراہم تھورپ نے 1993 سے 2005 کے درمیان انگلینڈ کے لیے 100 ٹیسٹ میں 44.66 کی اوسط سے 16 سنچریوں کی مدد سے 6 ہزار 744 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے 82 ون ڈے میچز بھی کھیلے، جس میں 2 ہزار 380 رنز اسکور کیے۔

ریٹائرمنٹ کے بعد گراہم تھورپ نے انگلش ٹیم کی کوچنگ کی بھی ذمہ داریاں نبھائیں اور وہ بیٹنگ کوچ بھی رہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top