ایشیا کپ 2025 سے متعلق پیش رفت پر پی سی بی کا اہم بیان آگیا۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، مشاورت جاری ہے اور کل تک حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔
ترجمان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے پاکستان کے اعتراض پر میچ ریفری اینڈی کرافٹ کو ہٹا کر ان کی جگہ رچی رچرڈسن کو لگانے کی تجویز منظور کر لی۔
کرکٹ کے نگراں عالمی ادارے نے پاکستان کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری تبدیل کر دیا جس کے بعد ایشیا کپ کا تنازع حل ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اس مثبت پیش رفت کے بعد پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایشیا کپ کے بقیہ میچز شیڈول کے مطابق کھیلے گا جہاں وہ بدھ کو یو اے ای سے مدمقابل ہو گا۔
ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع پر شیک ہینڈ نہیں ہوگا۔
اینڈی پائی کرافٹ نے اس سے قبل پاکستانی میڈیا مینجر سے کہا تھا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے جان بوجھ کر ہاتھ ملانے سے روکا، انہوں نے بھارت کے ساتھ مل کر کام کیا۔
میچ ریفری نے ٹاس کے وقت سلمان علی آغا کو مائیک بند کرکے بات سننے کا کہا تھا۔