آسٹریلیا کیخلاف جیت کا کریڈٹ کس کو جاتا ہے؟ رضوان نے بتا دیا

آسٹریلیا کیخلاف جیت کا کریڈٹ کس کو جاتا ہے؟ رضوان نے بتا دیا


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے بہت خاص لمحہ ہے، ٹیم کے تمام کھلاڑی ہی مجھے مشورے دیتے ہیں۔

پرتھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ جیت کا پورا کریڈٹ بولرز کو جاتا ہے، انہوں نے عمدہ بولنگ کی۔ اوپنرز صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق نے ہمیں دوسرے اور تیسرے میچ میں اچھا آغاز دیا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں آسٹریلیا کو ہرانا آسان نہیں ہوتا مگر صائم اور عبداللّٰہ نے اچھا آغاز فراہم کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فینز ہمیں ہر جگہ سپورٹ کرتے ہیں چاہے موسم جیسا بھی ہو یا ہم جیتیں یا ہاریں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔

دوسرے میچ کے بعد آج تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بیٹرز کو مشکل میں ڈال دیا اور پوری ٹیم آج بھی مکمل اوورز نہیں کھیل سکی۔

پرتھ میں سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کُن میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آج بھی پاکستانی فاسٹ بولرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، نسیم شاہ نے 20 رنز پر پہلی اور شاہین آفریدی نے 36 رنز پر دوسری وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 10.5 اوورز میں 56 رنز پر گری، کپتان جوش انگلس کو نسیم شاہ نے 7 رنز پر آؤٹ کیا۔

کچھ ہی دیر بعد 13.5 اوورز میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 79 اور چھٹی 88 رنز پر گری۔ مارکس اسٹوائنس کو محمد حسنین اور گلین میکسویل کو حارث رؤف نے واپس پویلین بھیجا۔

میزبان ٹیم کی ساتویں وکٹ 26 ویں اوور میں 118 رنز پر گری، ایڈم زیمپا کو نسیم شاہ نے 13 رنز پر آؤٹ کیا۔

پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی آٹھویں اور نویں وکٹ 140 رنز پر گری۔ یہ دونوں وکٹس شاہین آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک آسٹریلوی بیٹر کوپر کونولی ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کرسکے۔

پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگ کا آغاز کیا اور دونوں بیٹرز نے پُراعتماد انداز سے بیٹنگ کی اور 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 84 اور دوسری وکٹ 85 رنز پر گری، عبداللّٰہ شفیق 37 اور صائم ایوب 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں بابر اعظم اور کپتان محمد رضوان نے پارٹنر شپ قائم کی اور میچ 26.5 اوورز میں ختم کیا۔

بابر اعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔ میچ میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے 3،3 جبکہ حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے 1 وکٹ حاصل کی۔

بولرز میں سب سے کم رنز فاسٹ بولر محمد حسنین اور حارث رؤف نے دیے، دونوں بولرز نے 7،7 اوورز کرائے اور 24،24 رنز دیے جبکہ نسیم شاہ نے 9 اوورز میں 54 اور شاہین آفریدی نے 8.5 اوورز میں 32 رنز دیے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top