ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے فیصلے پر ملازمین کی جانب سے احتجاجی دھرنے کے دوران ایک ملازم زندگی کی بازی ہار گیا۔
اے سی اسلام آباد فرحان احمد احتجاجی دھرنے میں موجود ہیں، پولیس کی جانب سے احتجاج ختم کرانے کی کوشش کی گئی لیکن ملازمین نے انکار کر دیا۔
ملازمین کی بڑی تعداد ڈی چوک پہنچ چکی ہے، رات گئے ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا میں موجود ملازم نیاز محمد زندگی کی بازی ہار گیا، وہ بنوں ریجن میں یوٹیلٹی اسٹور کا سیل مین تھا۔
وفاقی حکومت کا یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ
وہ دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اسٹورز کی بندش کے خلاف احتجاج میں شرکت کرنے کے لئے اسلام آباد آیا تھا، مرحوم کی میت آج صبح بنوں روانہ کر دی گئی ہے۔
احتجاجی دھرنے میں موجود ایک اور ملازم محبوب احمد خان کو فالج کا اٹیک ہوا، جس کا تعلق مردان ریجن سے ہے، ابتدائی علاج کے بعد ملازم کو آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ہے۔
یوٹیلٹی ملازمین کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ واپس نہیں لیتی ہمارا احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔