اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پانی اور بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام مخالف تقریروں کے بعد پیپلز پارٹی نے حکمران اتحاد سے الگ ہونے کی دھمکی دے دی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت شروع ہوا۔ پیپلز پارٹی رکن سید نوید قمر نے ایوان میں مریم نواز کی تقریروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پانی، ہماری نہر، ہماری مرضی کا کیا مطلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی دریائے سندھ کا اور پاکستان کا ہے۔ ایسی تقریروں سے افسوس ہوا۔ ہمیں تو اس حکومت کو کندھا دینے کے طعنے مل رہے ہیں۔ ہم کوئی فیس نہیں لے رہے کہ حکومتی بینچوں پر بیٹھے رہیں۔ ہم اپوزیشن بینچوں پر بھی بیٹھ سکتے ہیں۔
نوید قمر کے نکتہ اعتراض کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی ارکان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی متنازعہ تقریر پر قومی اسمبلی سے احتجاجاً واک آؤٹ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کے2 وزرا مستعفی
وزیر قانون نذیر تارڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ ہم معذرت کرتے ہیں۔ ہمارے بڑے ایک ساتھ بیٹھ کر مسئلہ حل کر لیں گے۔