صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کشیدگی پر وزیر داخلہ محسن نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کراچی طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت اور وزیر داخلہ کے درمیان گفتگو میں سندھ اور پنجاب حکومتوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تنقید کرنے والے بھی کچھ کام کر لیں، مریم نواز
صدر زرداری نے کشیدگی کے خاتمے کیلئے وزیر داخلہ کو مشاورت کیلئے کراچی طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق صدر نے وفاقی اور صوبائی سطح پر معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ سیلاب کے بعد پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کے درمیان لفظی گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے پنجاب حکومت کو ترقیاتی حوالے سے مناظرے کا چیلنج کیا تھا جسے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے قبول کر لیا ہے۔
مریم نواز کے معافی مانگتے تک کسی قانون سازی میں حصہ نہیں لیں گے، پیپلز پارٹی
گزشتہ روز شرجیل میمن نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنا رہی ہے اور ایسا ماحول پیدا کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کوسپورٹ نہ کرے۔ جس پرعظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ کو پنجاب کے سیلاب متاثرین پر سیاست کرنے کیلیے وزیراعظم نے کہا تھا؟۔