وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی چین کے نائب وزیرِ اعظم ڈنگ شوئیشیانگ سے کاپ-29 کے کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی جس میں وزیرِ اعظم نے چینی وزیرِ اعظم کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔
ملاقات میں چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکیورٹی کیلئے حکومتی اقدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی کاپ 29 کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
وزیرِ اعظم نے حکومت کے دہشتگردی کی عفریت کے پاکستان سے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک سے دھشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کیلئے پر عزم ہے۔
چینی نائب وزیرِ اعظم کا پاکستان کے ساتھ مل کر سیکیورٹی چیلنجز کو عبور کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے پاک-چین تعاون میں وسعت کی خواہش کا اظہار کیا۔