سیالکوٹ میں تیز بارش نے 49 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مر طوب رہنے کا امکان ہے، بلوچستان، شمال مشرقی پنجاب،کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، شام کو بارکھان، ژوب، لسبیلہ، خضدار اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی پنجاب میں اکثر مقامات پر جبکہ بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران سیالکوٹ اور گردونواح میں شدید موسلادھار بارش ہوئی۔
سیالکوٹ میں تیز بارشوں نے 49 سالہ بارش کا ریکارڈ توڑ دیا، محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے اندر 363.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو 1976 کے بعد سب سے زیادہ بارش ہے۔6 اگست 1976 کو سیالکوٹ میں 339.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
جب بھارت نے راوی، چناب اور ستلج میں پانی چھوڑا تو یہ صورتحال مزید خراب ہو گئی اور کئی علاقے زیر آب آ گئے، شہری محفوظ مقامات پر جانے پر مجبور ہو گئے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
سیلاب سے ہر طرف تباہی، درجنوں دیہات زیر آب، قادر بیراج کو بچانے کیلئے حفاظتی بند توڑ دیا گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کل29 اگست بروز جمعہ سے منگل 2 ستمبر تک مزید مون سون بارشوں کا امکانہے، اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اگست سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی 30 اگست سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔اس دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت کشمیر، گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔