مقامی برانڈ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 14 اگست کے موقع پر 34 ہزار 999 روپے مالیت کا لباس زیبِ تن کیا۔
پاکستان بھر میں رواں سال 77ویں یومِ آزادی کا جشن جوش و خروش سے منایا گیا جس میں مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی گئیں۔ اس موقع پر مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی اور پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی شرکت کی۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ مریم نواز کے لباس کی قیمت زیرِ بحث ہے جس کا آغاز مقامی برانڈ ‘پرنیان بائے عائشہ’ کے آفیشل انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تصویر کے بعد ہوا۔
جو ہوگیا وہ ہوگیا، آنے والے وقت کا سوچیں، وزیراعلیٰ پنجاب کا یومِ آزادی پر پیغام
‘پرنیان بائے عائشہ’ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہمارا تیار کردہ لباس زیب تن کیا جس کی تصویر برانڈ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ بھی کی۔
برانڈ کی ویب سائٹ کے مطابق اس لباس کی قیمت 34 ہزار 999 پاکستانی روپے ہے جسے اب بھی خواتین خرید رہی ہیں۔
خیال رہے کہ مریم نواز اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ اس برانڈ کے لباس زیب تن کرچکی ہیں جن کی تصاویر اور قیمت ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔