محکمہ موسمیات کی آج رات سے کل تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی آج رات سے کل تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی


محکمہ موسمیات نے آج رات سے کل تک موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد،راولپنڈی اور گردونواح میں موسلادھار بارش کاامکان ہے،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان،خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف حصوں میں بارشیں متوقع ہیں۔

پنجاب

پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم تا 3 ستمبر تک ممکنہ شدید موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جس کے باعث پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں متوقع مزید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال میں شدت کا امکان ہے۔

ممکنہ طور پر مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

چنیوٹ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکر، لیہ اورمیانوالی میں بھی موسلادھار بارشوں کے نتجے میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بارشیں اور سیلابی صورتحال متوقع ہے۔بالائی علاقوں میں ممکنہ شدید بارشوں اور دریاؤں میں تیز بہاؤکے باعث مرالہ ہیڈ ورکس پر سیلابی ریلوں اور بہاؤ میں شدید اضافے کا امکان ہے، سیلابی صورتحال اور ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے،ممکنہ موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

وادی نیلم، مظفرآباد، باغ،شردھا حویلی اور کوٹلی میں شدید بارشیں متوقع ہیں،شدید بارشوں کے باعث شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے،شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان اور چترال  میں گلیشیئرپگھلنے سے سیلاب کا خدشہ ہے،محکمہ موسمیات نے گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کاالرٹ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے سے گلیشیئر کے پگھلاؤ میں اضافے کاخدشہ ہے،متعلقہ حکام کو نقصانات سے بچنے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top