بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور 15 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ رات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے آج سہ پہر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تحریک انصاف نے ڈی چوک کا احتجاج ملتوی کرنا عمران خان کیساتھ ملاقات سے مشروط کر دیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے بیرسٹر گوہر کو انفرادی طور پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔ بیرسٹرگوہر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کی ملاقات کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے وزارت داخلہ کو باقاعدہ درخواست بھی دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی اور حامد خان کی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے۔