پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ اگر لوگ سمجھتے ہیں کہ میرے سوشل میڈیا پر بُرے تبصرے سے مجھے فرق پڑے گا تو یہ لوگ غلط ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو ہاتھ جوڑ کر مشورہ دینے سے منع کیا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے مشورہ دینا بند کردو۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ دنیا کے کامیاب ترین لوگوں کو مشورے دے رہے ہوتے ہیں جن کے 2 فالوورز ہوتے ہیں اور وہ 200 ملین والوں کو مشورہ دے رہے ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی پروفائل چیک کرو تو کوئی پوسٹ نہیں ہوتی وہ صرف منفی باتیں پھیلانے آتے ہیں۔
وسیم اکرم نے پی سی بی میں اہم عہدہ سنبھالنے سے معذرت کیوں کی؟
انہوں نے کہا کہ 10،15 سال پہلے جب سوشل میڈیا آیا تو میں سمجھا دنیا میں معلومات کا انبار لگ جائے گا۔ پیار بکھرے گا، لوگ سیکھیں گے لیکن سب الٹا ہوگیا، لوگ منفی کمنٹس کرتے ہیں۔ مثبت سوچیں اور دوسروں کے لیے مثبت کمنٹس کریں تو پورا دن پُرسکون گزرے گا۔
سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ پہلے مجھے فرق پڑتا تھا لیکن اب پچھلے 2 سالوں سے میں نے توجہ دینی چھوڑ دی۔ یہاں تک کہ میں نے کمنٹس پڑھنے بھی چھوڑ دیے۔ اپنے آس پاس اچھے اور خوشگوار لوگوں سے مشورہ لیں، نکمے لوگوں سے مشورہ لیں گے تو نکمے ہی بنیں گے۔