بحرہ عرب میں جاری پاک بحریہ کی امن مشق اختتام پذیر ہو گئی ہے جس میں تقریبا 60 ممالک نے حصہ لیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحری جنگی جہازوں کی جانب سے امن فارمیشن کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرمہمان خصوصی تھے، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نےمہمان خصوصی کا استقبال کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر برائے سمندری امور بھی موجود تھے۔ دفاعی اور نیول اتاشی بھی اس تقریب شریک ہوئے ۔
مہمان خصوصی نے انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے دوران مختلف آپریشنل مشقوں کا مظاہرہ دیکھا۔
علاوہ ازیں، شریک ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، غیر ملکی بحری افواج کے سربراہان، سینئر ملٹری آفیسرز، دفاعی اور نیول اتاشی بھی اس تقریب میں شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی یو اے ای کے صدر سے ملاقات، آرمی چیف کی بھی شرکت
مہمان خصوصی نے انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے دوران مختلف آپریشنل مشقوں کا مظاہرہ دیکھا، فلیٹ ریویو میں پاکستان نیوی، پاکستان ایئر فورس اور شریک غیر ملکی طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ بھی پیش کیا گیا۔
فلائی پاسٹ کے بعد مشق میں حصہ لینے والے بحری جہازوں کی جانب سے مین اینڈ چیئر شپ کا مظاہرہ کیا گیا۔ مشق کا اختتام روایتی امن فارمیشن کی تشکیل کے ساتھ ہوا جو بحری تحفظ کے لیے اجتماعی عزم کی علامت ہے۔
مہمان خصوصی نے امن 2025 کی کامیاب میزبانی پر پاک بحریہ کو مبارکباد دی اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔