یوم الحاق پاکستان کے موقع پر صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغام جاری کئے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی فوج کی سفاکیت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہی۔
صدر نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی، یومِ الحاق کشمیریوں کی پاکستان سے فطری رشتے کی علامت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں آج دنیا بھر میں قربانی کی مثال بن چکی ہیں،حق خودارادیت ملنے تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔
پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں توسیع کر دی
یوم الحاق پاکستان پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی1947 کو کشمیری عوام نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی، ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے 10 لاکھ فوجی بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہ دباسکے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھی حق خودارادیت کے لیے پرعزم ہے، دہائیوں پر محیط جدوجہد کشمیریوں کے جذبہ حریت کا ثبوت ہے، مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل ہی خطے کے امن کی ضمانت ہے۔
واضح رہے کہ 19 جولائی 1947 کشمیریوں کا پاکستان سے یوم الحاق کا دن، کشمیری اسی عہد کی تجدید کرتے ہوئے آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں۔