کراچی میں ای چالان کا آغاز؛ صرف 6 گھنٹوں میں ایک کروڑ روپے جرمانے

کراچی میں ای چالان کا آغاز؛ صرف 6 گھنٹوں میں ایک کروڑ روپے جرمانے


کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے پہلے ہی روز ٹریفک پولیس نے صرف 6 گھنٹوں کے اندر 2 ہزار 662 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق ابتدائی 6 گھنٹوں میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر سب سے زیادہ 1,535 چالان کیے گئے، جبکہ ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 507 افراد کو جرمانہ کیا گیا۔

اسی طرح اوور اسپیڈنگ پر 419، ریڈ سگنل توڑنے پر 166، موبائل فون کے استعمال پر 32، اور ٹِنٹڈ گلاسز والی گاڑیوں پر 7 ای چالان جاری کیے گئے۔

مزید برآں، غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 3، غلط پارکنگ پر 5، غیرقانونی پارکنگ پر 5 اور نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے پر 5 چالان درج کیے گئے۔

اسی طرح لین لائن کی خلاف ورزی پر 3 اور اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 4 چالان بھی کیے گئے۔

پیر محمد شاہ نے بتایا کہ سسٹم کے افتتاح کے بعد بھی ٹیکنیکل امور میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ ای چالان کے عمل کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان سسٹم جدید کیمروں اور خودکار نمبر پلیٹ شناختی ٹیکنالوجی کے ذریعے خلاف ورزیوں کی فوری نشاندہی کرتا ہے، جس کے بعد چالان براہِ راست گاڑی کے رجسٹرڈ ایڈریس پر ارسال کیا جاتا ہے۔

شہری بلبلا اٹھے

نئے سسٹم کے نفاذ میں آتے ہیں دھڑا دھڑ جاری کیے جانے والے الیکٹرک چالان کی بڑی تعداد سے کراچی کے شہری بلبلا اٹھے۔

شکایت کنندگان کی بڑی تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے جو پے درپے جاری کیے جانیوالے جرمانوں سے گھبرا گئے ہیں۔

گاڑی کا نمبر پکڑںے والا سسٹم ڈاکو پکڑنے سے قاصر کیوں؟

شہریوں کا مؤقف ہے کہ کراچی میں بچھا کیمروں کا جال اور الیکٹرک سسٹم گاڑی کا نمبر اور ٹریف کی خلاف ورزی تو فوراً پکڑ لیتا ہے لیکن جب چوروں اور ڈاکوؤں کو پکڑنے کی باری آتی ہے تو انتظامیہ بے بس نظر آتی ہے، اُس وقت اِس جیسے کسی برق رفتار نظام کو حرکت میں کیوں نہیں لایا جاتا؟





Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top