ریاض: وزیراعظم شہباز شریف نے فیوچر سمٹ کانفرنس کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان خطے میں معاشی تعاون اور ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں، کیونکہ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو اپنی سابقہ غلطیوں سے سیکھ کرآگے بڑھنا ہوگا تاکہ پائیدار ترقی ممکن بنائی جا سکے۔
وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق
شہبازشریف نے بتایا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات شروع کیے ہیں، جن سے شفافیت میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے کرپشن میں نمایاں کمی آئی ہے انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سیلاب اور قدرتی آفات کے نتیجے میں اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا، لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور ہزاروں ایکڑ زرعی زمین تباہ ہوگئی۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تعاون بڑھا کر موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔
