قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کی تعیناتیوں کے معاملے پر میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت جاری کردی ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسپیکر ایاز صادق نےاپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خط کا جواب دے دیا ہے،اسپیکر ایاز صادق نے خط میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے طریقہ کار بتا دیا،وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
اسپیکر نے وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو لکھے گئے 16 مئی کے خط کا حوالہ بھی دیا،جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں ناموں پر اتفاق نہ ہوا تو معاملہ اسپیکر کے پاس آئیگا۔
وزیراعظم اسپیکر کو پارلیمانی لیڈرز سے پارلیمانی کمیٹی کے نام مانگنے کی درخواست کرینگے،اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی لیڈرز سے نام طلب کریں گے،پارلیمانی لیڈرزکی جانب سے بھیجے گئے ناموں کو پارٹی نمائندگی کے مطابق شامل کیا جائے گا۔
حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے نام بھجوائے جائیں گے تب کمیٹی بنے گی،کمیٹی کی تشکیل وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت مکمل ہونے سے پہلے ممکن نہیں۔
واضح رہے اپوزیشن لیڈر نے چیف الیکشن کمشنر اور2 ارکان کی تعیناتیوں کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا تھا،ترجمان قومی اسمبلی نے خط کا متن بھی جاری کردیا۔