پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چڑیا گھر کی ٹکٹوں کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام صرف 100 روپے میں پورا چڑیا گھر دیکھ سکتے ہیں، چڑیا گھر کا 98 فیصد حصہ 100 روپے میں دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رینگنے والے جانوروں کو دیکھنے کا ٹکٹ 200 روپے جبکہ ہولوگرام کا ٹکٹ 300 روپے کاہے، اس طرح چڑیا گھر دیکھنے کا مکمل پیکیج 500 روپے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے محسن نقوی کی ملاقات
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ چڑیا گھر میں نئی سہولیات کی قیمت الگ مقرر کی گئی ہے، داخلہ ٹکٹ کے لیے الگ کاؤنٹرز موجود ہیں، ایکوریم اور ہولوگرام کے ٹکٹوں کے لیے الگ ونڈوز بنا دی ہیں، سسٹم ٹھیک کر دیا ہے، اب غلط فہمی نہیں ہو گی، اس کے علاوہ ٹکٹ کاؤنٹر کے باہر شکایت سیل بھی قائم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض افراد نے ایکوریم کے ساتھ ملا کر 300 روپے کے ٹکٹ خریدے تھے اور بعض نے ایکوریم اور ہولوگرام کو ملا کر 500 والے ٹکٹ خریدے، اس وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی کہ چڑیا گھر کے ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔