اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فارورڈ بلاک کے 5 وزرا نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
بیرسٹر سلطان محمود چودھری گروپ نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ اور پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے 5 ارکان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں میں یاسر سلطان اور چودھری ارشد شامل ہیں۔
سردار محمد حسین، چودھری اخلاق اور چودھری رشید نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
پانچوں ارکان نے فریال تالپور اور چودھری ریاض سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا۔
فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے ملک ظفر اقبال نے بھی پیپلز پارٹی رہنما فریال تالپور سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، تہران، استنبول ٹرین کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں، حنیف عباسی
واضح رہے کہ پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے اراکین کی شمولیت کے بعد پیپلز پارٹی کے پارلیمانی گروپ کی مجموعی تعداد 23 تک پہنچ گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں عدم اعتماد لانے اور آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی منظوری دی تھی۔
