اسلام آباد: (زاہد گشکوری، ہیڈ ہم انویسٹی گیشن ٹیم) پاکستان قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی بولی کے لیے چار پارٹیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا۔
وزیر اعظم کے مشیر نجکاری محمد علی کی سربراہی میں بورڈ میٹنگ ہوئی۔ قومی ایئرلائن کی بولی کے لیے پارٹیوں کی شارٹ لسٹ کا فیصلہ نجکاری کمیشن کی بورڈ میٹنگ میں کیا گیا۔
چار شارٹ لسٹڈ پارٹیوں میں لکی سیمنٹ کا کنسور شیم، عارف حبیب گروپ کنسور شیم، فوجی فرٹیلائزر کمپنی اور ائیر بلیو بھی شامل ہیں۔ پری کوالیفائیڈ پارٹیوں کی اب مزید چھان بین ہو گی۔ بورڈ نے 8 حصہ لینے والی پارٹیوں کے کاغذات کی چھان بین کی۔
نجکاری کی وزارت کے سینئر اہلکاروں نے ہم نیوز کی اس پیش رفت کی تصدیق کر دی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق 8 بڑی سرکاری، غیرسرکاری کاروباری کمپنیوں اور کنسورشیم نے قومی ائیرلائن خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ قومی ایئرلائن کے 51 فیصد اثاثوں کی اس سال اکتوبر میں نجکاری کردی جائے گی۔
دلچسپی کا اظہار کرنے والی پارٹیوں میں کئی بڑے تاجر اور بڑی نجی کمپنیاں شامل ہیں۔ جبکہ کسی غیرملکی کمپنی نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی نہیں دکھائی تھی۔ نجی ائیرلائن میں ائیربلیو، اے کے ڈی گروپ، عارف حبیب بھی اظہار دلچسپی والوں میں شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کا اعلامیہ کالعدم قرار
فوجی فرٹیلائزر لمٹیڈ، فاطمہ فرٹیلائزر، لکی سیمنٹ لمٹیڈ، ہب پاور ہولڈنگز، کوہاٹ سیمنٹ اور میٹرو سیمنٹ نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ آگمنٹ سیکیورٹیز، سیرین ائیر اور سردار ڈی بلوچ کمپنی نے بھی اظہار دلچسپی دستاویزات جمع کروائیں۔
سرکاری حکام کے مطابق پارٹیوں کیلئے 19 جون تک اپنا اظہار دلچسپی جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ اور ضروری کاغذات کی چھان بین کے بعد 30 دنوں میں پارٹیوں کو تمام تفصیلات شئیر کردی جائیں گی۔