پیسہ تھا، پچھلی حکومتوں نے کیوں اسکالرشپس نہیں دیں؟ وزیر اعلیٰ پنجاب

پیسہ تھا، پچھلی حکومتوں نے کیوں اسکالرشپس نہیں دیں؟ وزیر اعلیٰ پنجاب


اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مخالفین کہتے ہیں کونسا مریم نواز خود سے پیسے دے رہی ہے۔ تو پیسہ پچھلی حکومتوں کے پاس بھی تھا انہوں نے کیوں اسکالرشپس نہیں دیں؟

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبا کو اسکالرشپس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گالی دینا اور گریبان پکڑنا ہماری تہذیب نہیں۔ اور جو دوسروں کی عزت اچھالنے کا کہے وہ ملک سے مخلص نہیں۔ مجھ پر بھی ذاتی حملے کیے گئے۔ اور میں نے جیلیں بھی برداشت کیں۔ مخالفین کے مظالم کی وجہ سے میں مضبوط ہو گئی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جو گالم گلوچ سکھائے وہ آپ کا ہمدرد نہیں۔ میں سفارش سنتی ہوں اور نہ ہی سفارش پر کوئی تعیناتی کرتی ہوں۔ یہاں بھی بغیر سیاسی وابستگی کے بچوں کو اسکالرشپس دی گئی ہیں۔ صبح موسم خراب تھا مگر طلبہ منتظر تھے اور مجھے پہنچنا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمارے ملک کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ اور رواں سال 30 ہزار اسکالرشپس دے رہے ہیں۔ جبکہ اسکالرشپس لینے والوں میں 60 فیصد طالبات شامل ہیں۔ پہلی بار پرائیویٹ یونیورسٹیز اور کالجز کو اسکالرشپ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب غریب کے بچے بھی پرائیویٹ کالجز اور یونیورسٹیز میں پڑھیں گے۔ جبکہ ریاست تعلیمی خرچے اٹھائے گی اور اپنا حق ادا کرے گی۔ مخالفین کہتے ہیں کونسا مریم نواز خود سے پیسے دے رہی ہیں۔ تو پھر پیسہ تو پہلی حکومتوں کے پاس بھی تھا کیوں اسکالر شپس نہیں دی گئیں۔ ان بچوں نے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا ہی جمہوریت کو مضبوط بنائے گا، ایاز صادق

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طلبا نے فیس کی پریشانی کو بھول کر صرف تعلیم پر توجہ دینی ہے۔ اور تعلیم کی وجہ سے ہی غریب اور مڈل کلاس بچے بڑے عہدوں پر جاتے ہیں۔ ملک نے ہمیں عزت دی ہے اور یہ ملک اللہ کی بہت نعمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایک بچہ بلڈنگ بلاک ہے جو ملک کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالے گا۔ اور طلبا کو صرف اسکالرشپس ہی نہیں بلکہ لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے جائیں گے۔ طلبا کو ای الیکٹرک بائیک بھی دے رہے ہیں۔ اگلے سال ایک لاکھ فری الیکٹرک بائیکس طلبا کو دیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ چین میں چھوٹے بچوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پڑھائی جا رہی ہے۔ پنجاب میں طلبا کو جدید تعلیم سے ہمکنار کریں گے۔ اور کوشش ہے کہ آپ کے ہاتھ میں ڈگری ہو تو آپ کو روزگار میسر ہو۔ اور روزگار کے لیے نوجوانوں کو 3 کروڑ روپے تک قرضے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور اسے آگے بڑھانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اور کوئی بھی ماں نوجوانوں کے لیے جلاؤ گھیراؤ، ماردو، توڑ دو یہ سب نہیں چاہتی۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top