لاہور: پنجاب پولیس کو جاپان پولیس کی طرز پر انفراریڈ اور الٹرا سانک ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز دورہ جاپان سے واپسی پر منصوبے پر باضابطہ عمل درآمد کا آغاز کریں گی۔ اور پہلے مرحلے میں لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
مریم نواز نے ٹوکیو میں نیشنل پولیس ایجنسی ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ اور نیشنل پولیس ایجنسی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو جاپان پولیس سسٹم کے نگران ادارے کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پولیس ایجنسی جاپان کے امپیریل گارڈز کی کارکردگی کی نگرانی کرتی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاپان پولیس کے تمام محکمے نیشنل پولیس ایجنسی سے منسلک ہیں۔ اور نیشنل پولیس ایجنسی جاپان پولیس کی محکمانہ پالیسیوں کا بھی تعین کرتی ہے۔ نیشنل پبلک سیفٹی کمیشن جاپان کی نیشنل پولیس ایجنسی کا نگران ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارش ہوگی تو پانی تو جمع ہو گا، بارش رکے گی تو پانی نکال دیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نیشنل پولیس ایجنسی سسٹم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان میں امن وامان کی صورتحال قابل تقلید ہے۔ اور پنجاب میں پولیس کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنے کی آزادی دی ہے۔ اور جرائم کے خاتمے کے لیے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا نیا ادارہ قائم کیا گیا ہے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سے پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ جرائم کا گراف 70 فیصد سے بھی نیچے آچکا ہے۔ امن اور ترقی میرا مشن ہے۔