لاہور، محکمہ ماحولیات پنجاب نے صوبے بھر میں ہوٹلوں اور باربی کیو پوائنٹس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
ڈائریکٹرجنرل ماحولیات عمران حامد شیخ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ کوئلہ، لکڑی یا چارکول استعمال کرنے والے ریسٹورنٹس کے خلاف فوری طور پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق کھلی جگہوں پردھواں، چکنائی اور بدبو پھیلانے والے ہوٹلزاور باربی کیو مراکز ماحول اور شہری صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔
اس ضمن میں تمام مالکان کو 15 روز کے اندر اپنے کچن اور باربی کیو ایریازمیں سکشن ہُوڈزنصب کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ڈی جی عمران حامد شیخ نے کہا کہ مقررہ مدت کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ماحولیاتی قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے پر مکمل پابندی، مانیٹرنگ اسکواڈ فعال
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس سلسلے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔