لاہور، پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں قائم مقام اسپیکرملک ظہیر اقبال نے معین ریاض قریشی کواپوزیشن لیڈر بننے پرمبارکباد دی۔
اس موقع پرملک ظہیراقبال نے کہا کہ امید ہے اپوزیشن لیڈرجمہوری روایات کو برقراررکھتے ہوئے ایوان میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
اپوزیشن لیڈربننے کے بعد معین ریاض قریشی نے اپنے خطاب میں بانی پی ٹی آئی اورتمام اپوزیشن ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پراعتماد کیا۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے ہمارے امیدواروں کو ایوان سے باہر رکھا گیا اورحکومت قائم کی گئی، گندم اورچینی اسکینڈل سمیت کئی اہم معاملات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب میں 1800 موضع جات متاثر ہوئے، فصلیں اورمویشی تباہ ہو گئے جبکہ حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔
اپوزیشن لیڈر نےمزید کہا کہ صوبے کی جیلوں میں قید سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت دی جائے، ورنہ اپوزیشن احتجاج پرمجبورہوگی، ظلم وستم کی داستانیں لکھی جا رہی ہیں جوجمہوریت کے لیے خطرناک رویہ ہے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا
انہوں نے بانی پی ٹی آئی، یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، چوہدری اعجاز، سرفراز چیمہ اورمحمود الرشید سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔