اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیرمعمولی موسمیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس بریتھ پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر تمام شراکت داروں کا شکرگزار ہوں۔ اور کانفرنس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنجز پر غور کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاربن اخراج کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ اور شدید سیلاب، گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلاؤ، شدید گرمی کی لہر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جبکہ 2 سال قبل شدید سیلاب کے باعث تباہی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکرات ہم نے ختم نہیں کئے ، عمران خان سخت آدمی ہیں ، ایاز صادق
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو غیر معمولی موسمیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔ اور پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں شامل ہے۔ سیلاب سے ایک ہزار 700 افراد جاں بحق اور 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پالیسی اور قومی موافقتی منصوبے جیسے مضبوط فریم ورک بنائے ہیں۔ لیکن فریم ورک کا ہونا ہی کافی نہیں بلکہ ان پر عمل درآمد بھی ضروری ہے۔ فائیو سی اور فائیو ای جیسے اقدامات تبدیلی کے منصوبے اڑان پاکستان سے جڑے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گورننس، اصلاحات اور استعداد کار میں تیزی سے اضافہ کر رہے ہیں۔ جبکہ پائیدار ترقی کے لیے مالی معاونت کی ضرورت ہے۔ آئندہ نسلوں کے لیے صاف، سرسبز اور زیادہ مضبوط اور محفوظ ملک بنانا ہے۔ لیکن معاونت کے بغیر موسمیاتی موافقت اور سبز تبدیلی کا راستہ مبہم ہے۔