محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ رواں سال پاکستان میں ’’انتہائی سرد موسمِ سرما‘‘ ہوگا۔ محکمے نے ایسی تمام پیش گوئیوں کو سائنسی طور پر بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی رپورٹس محکمے کی موسمیاتی پیش گوئی یا عالمی موسمیاتی ڈیٹا سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ دسمبر سے فروری تک کے لیے جاری ’’ونٹر آؤٹ لک‘‘ کے مطابق ملک کے زیادہ تر حصوں میں معمول کے مطابق یا معمول سے کچھ کم بارش اور قدرے زیادہ درجہ حرارت متوقع ہے۔
محکمے نے وضاحت کی کہ اگرچہ مغربی ہواؤں کے باعث مختصر سرد لہریں آسکتی ہیں، لیکن کسی غیر معمولی یا ریکارڈ توڑ سردی کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق، بحرالکاہل کے خطِ استوا کے قریب اس وقت ہلکی سے معتدل ’’لا نینا‘‘ (La Niña) صورتحال موجود ہے۔ ماضی میں یہ رجحان جنوبی اور جنوب مغربی ایشیا، بشمول پاکستان، میں سرد موسم کی شدت اور بارشوں میں کمی کا باعث بنتا رہا ہے۔
اس کے نتیجے میں نسبتاً معتدل درجہ حرارت، کم سرد لہریں اور شمالی و مغربی علاقوں میں برفباری و بارش میں کمی دیکھی جاتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام اور میڈیا اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف محکمے کی آفیشل ویب سائٹ یا تصدیق شدہ ذرائع سے جاری ہونے والی پیش گوئیوں پر ہی انحصار کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ غیر مصدقہ موسمی خبروں کے پھیلاؤ سے عوام میں بلاوجہ خوف اور غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمے نے یقین دلایا کہ وہ عالمی موسمیاتی تنظیم (WMO) کے معیار کے مطابق درست، شواہد پر مبنی اور بروقت پیش گوئیاں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ عوامی سلامتی اور قومی سطح پر پیشگی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:
بارشوں اور سردی کے متعلق بڑی پیشگوئی سامنے آ گئی
موسمِ سرما میں معمول سے کم بارشوں کی پیش گوئی