پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، پورے ملک اور آزاد کشمیر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔ کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
عالمی برادری بھارت پر زور ڈالے کہ کشمیریوں کو اپنا فیصلہ خود کرنے دے، وزیراعظم
مختلف شہروں میں جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینار اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی، ان کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ آج آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے وزیر اعظم شہباز شریف خطاب کریں گے۔
گزشتہ 78 سالوں سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز، غیر قانونی اور غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لئے ملک بھر میں کشمیر کی آزادی کی صدائیں بلند ہوں گی۔