دوحہ، پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اہم مذاکرات جاری ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات کی میزبانی قطری انٹیلی جنس چیف عبداللہ بن محمد الخلیفہ کر رہے ہیں، جنہوں نے دونوں ممالک کو بات چیت کی میزپرلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ آصف وفد کی قیادت کررہے ہیں جبکہ افغان وفد کی سربراہی افغانستان کے وزیر دفاع ملا یعقوب کررہے ہیں مذاکرات میں افغان انٹیلی جنس کے سربراہ عبدالحق وثیق بھی شریک ہیں۔
سفارتی حکام کے مطابق مذاکرات کا بنیادی ایجنڈا پاکستان میں دہشتگرد گروپوں کی افغانستان سے دراندازی کے مسئلے پر مرکوز ہے۔
پاکستان اس معاملے کو “یک نکاتی ایجنڈے” کے طور پر اٹھا رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی سیکیورٹی کے حوالے سے مؤثر اور مستقل لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
افغانستان دہشتگرد تنظیموں کیخلاف کارروائی کرے، ترجمان دفتر خارجہ
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد میں اعلیٰ سیکیورٹی حکام بھی شامل ہیں جو وزیردفاع کی معاونت کررہے ہیں۔ مذاکرات کو خطے میں حالیہ کشیدگی کے تناظرمیں انتہائی اہمیت کا حامل قراردیا جا رہا ہے۔