ایف آئی اے نے پاکستانی تاجر کو چینی کمپنی کو قیمتی معدنیات کی بجائے ساڑھے 11 کروڑ کے عوض مٹی بھیجنے کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں میسرز ڈنزو ٹریڈرز کے مالک سید ذیشان افضل بلگرامی کے خلاف زیر دفعہ 406, 420, 468, 471, 109 مقدمہ نمبر 29/24 درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
یہ ایف آئی آر فوجداری انکوائری نمبر 36/2024 کے بعد درج کی گئی ہے جو ایک چینی درآمد کنندہ کمپنی میسرز ڈینزو ٹریڈرز مس کورائن چن کی شکایت پر شروع کی گئی تھی۔
حسن نواز کا دیوالیہ پن 29 اپریل 2025 کو ختم ہو گا
اس مقدمے کے تحت ملزم سید ذیشان افضل بلگرامی اور چینی درآمد کنندہ جیانگسو پراونشل فارن ٹریڈ کارپوریشن نے 17 جنوری 2024 کو ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت ڈانزو ٹریڈرز کراچی نے 1500 میٹرک ٹن کروم ایسک چین میں مذکورہ چینی کمپنی کو درآمد کرنا تھی۔
11 فروری کو ڈانزو ٹریڈرز نے کراچی کی بندرگاہ سے Xingang چائنا کی بندرگاہ پرساٹھ بلک کنٹینرز کی کھیپ بھجوائی۔مقدمے کے مطابق ان کنٹینرز میں قیمتی دھات کروم ایسک کی بجائے مٹی، بجری اور پتھر بھرے ہوئے تھے۔
ملزم نے کنٹینر چین پہنچنے سے قبل ہی کراچی میں بینک کو بوگس ایس جی ایس انسپکشن سرٹیفکیٹ آف کوالٹی پیش کرکے ایل سی کے عوض ساڑھے گیارہ کروڑ روپے سے زائد کی رقم حاصل کر لی۔ ایف آئی اے تحقیقات میں فراڈ ثابت ہونے پر ملزم کو درج مقدمے میں گرفتارکیا گیا۔