پاسپورٹ میں کیا تبدیلیاں ہونے جا رہی ہیں؟ ترجمان نے بتا دیا

پاسپورٹ میں کیا تبدیلیاں ہونے جا رہی ہیں؟ ترجمان نے بتا دیا


محکمہ امیگریشن و پاسپورٹس نے موجودہ پاسپورٹ کے ڈیزائن اور سکیورٹی فیچرز میں تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نئے پاسپورٹ میں والد کے نام کے ساتھ ساتھ والدہ کا نام بھی شامل کیا جائے گا، جبکہ ویزا صفحات پر صوبوں کے تاریخی و ثقافتی مقامات کی تصاویر بھی چھاپی جائیں گی۔

ترجمان احمد اقبال کے مطابق پاسپورٹ کے نئے ڈیزائن اور سکیورٹی فیچرز پر کام جاری ہے، جس کی منظوری وزارتِ داخلہ سے حاصل ہو چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویزا پیجز کے رنگ تبدیل کیے جائیں گے اور جدید ای پاسپورٹ ٹیکنالوجی کے تحت بایومیٹرک ڈیٹا نادرا کے نظام سے منسلک ہوگا۔

اس کے علاوہ نئے پاسپورٹ میں ہولوگرام، لیزر اینگریونگ، یو وی واٹر مارکس اور ڈیجیٹل ویریفکیشن کوڈ جیسے جدید سکیورٹی اقدامات شامل ہوں گے تاکہ جعل سازی روکی جا سکے۔

کیا فیس میں بھی اضافہ ہوگا؟ 

فیس میں ممکنہ اضافے سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ نادرا نے بھی اعلان کیا ہے کہ پاسپورٹ کے لیے اب پرانا ب فارم قبول نہیں ہوگا اور بچوں کی رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹل شناختی دستاویزات لازمی ہوں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمے نے سوشل میڈیا پر گردش کرتی جعلی تصاویر کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پاسپورٹ کے فرنٹ کور میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، صرف سکیورٹی فیچرز بہتر بنائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 2004 میں مشین ریڈیبل پاسپورٹ، 2016 میں سکیورٹی اپڈیٹ، اور 2022 میں ای پاسپورٹ متعارف کرایا تھا۔ اب 2025 میں اس کے ڈیزائن اور سکیورٹی نظام میں جامع تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top