اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی افریقا اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مختلف سطحوں پر نہایت شاندار ہیں اور کرکٹ ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے۔

شہازشریف نے کہا کہ کرکٹ سیریز صرف کھیل نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، دوستی اور کھیلوں کے فروغ کی علامت ہے۔
بھارت افغانوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف دوسری پراکسی جنگ لڑ رہا ہے، خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا نے دنیا کو کرکٹ کے عظیم کھلاڑی دیے، جبکہ پاکستانی کرکٹرز نے بھی اپنی شاندار کارکردگی سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم روایتی جذبے اور جوش کے ساتھ بہترین کھیل پیش کرے گی، انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی قیادت میں اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ عوام کو جوڑنے، بھائی چارہ اور امن کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے اس کھیل کی اصل روح کھیل میں جذبے، خلوص اورمثبت رویے کو برقرار رکھنے میں ہے۔

انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سیریز دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے کا باعث بنے گی۔

