وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی نئی ریل کار کا افتتاح کردیا۔
اس ریل کارمیں9 نئی کوچز شامل ہیں جنہیں جدید رنگ وروغن، لائٹس اورپنکھوں کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، افتتاحی تقریب میں ڈویژنل سپریٹنڈنٹ نورالدین داوڑ سمیت ریلوے حکام شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پراستوارکرنے کے لیے وسیع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اب تک لاہور، کراچی اور راولپنڈی اسٹیشنز پرصفائی کے معیارکو بہتربنایا گیا ہے جبکہ لاہورریلوے اسٹیشن کی اپ لفٹنگ نے عالمی سطح پرتوجہ حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شالیمارایکسپریس سمیت مختلف ٹرینوں کو اپ گریڈیشن ماڈل پرچلایا جا رہا ہے جبکہ عوام ایکسپریس اورعلامہ اقبال ایکسپریس میں بھی اصلاحات جاری ہیں۔
وزیرریلوے نے بتایا کہ 31 دسمبر تک 400 نئی کوچز پیکجز شامل کی جائیں گی جن میں سے 60 کوچز کیریج فیکٹری میں تیار ہو رہی ہیں اوردسمبرتک نظام میں شامل کر دی جائیں گی، 15 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی کوچز راچی سے لاہور بھیجی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نارووال سیکشن کو منافع بخش قرار دے دیا گیا ہے اور 25 اکتوبر کو دوبارہ بحال کیا جائے گا غیر ملکی کمپنیاں بھی ان منصوبوں میں دلچسپی لے رہی ہیں، وزیراعظم 15 اکتوبرکوکراچی ریلوے منصوبے کا افتتاح کریںگے۔
مسافر ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ اوپن آکشن کے ذریعے کرنے کا فیصلہ
سندھ حکومت کے اشتراک سے کراچی جنکشن کی اپ لفٹنگ کے لئے 80 کروڑ روپے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس میں 40 کروڑ سندھ حکومت اور40 کروڑ ریلوے فراہم کرے گا۔