اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر پونے 11 لاکھ کیوسک کا ریلہ گزرا۔ تاہم پاک فوج امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ اور سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مربوط کوششوں کے باعث جانی نقصان کم ہوا ہے۔ اور سیلاب متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائے گا۔ سیلابی صورتحال پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیشگی اطلاع دی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں بھی بڑے درجے کے سیلاب کا خدشہ موجود ہے، چیف سیکرٹری سندھ
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔ تاہم سیلابی صورتحال میں شہری زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں۔ وزیر آباد اور ملحقہ دیہات بڑے نقصان سے محفوظ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ٹیم ورک کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب متحد ہیں۔ بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔