اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتخاب کا عمل آج شروع ہو جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر ہاؤس کو وصول ہو گیا ہے۔ اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ ٹوئٹر پر پوسٹ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے استعفے کو گورنر کی جانب سے منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف وزیر اعلیٰ نے گورنر کو آگاہ کرنا ہوتا ہے کہ انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔ نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینا گورنر کی آئینی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرانسپورٹ اڈے بند، ریلوے حکام کا مسافروں کیلئے اہم اعلان
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اگر گورنر حلف نہیں لیتا تو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کسی اور کو نامزد کر سکتے ہیں۔ تاہم یہ مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اور اگلے سیشن میں نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتخاب کا عمل آج شروع کیا جائے گا۔