کراچی، پاکستان کے معروف سابق گلوکاراورنعت خواں جنید جمشید کے بیٹے سیف اللّٰہ جنید نے اپنے والد کے ساتھ گزاری آخری یادوں کو تازہ کردیا۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سیف اللّٰہ نے بتایا کہ ان کے والد ہمیشہ شہادت کی موت کی دعا مانگا کرتے تھے اور اللّٰہ تعالیٰ نے ان کی یہ خواہش پوری کی۔
انہوں نے کہا کہ والد آخری 6 سے 8 ماہ میں اکثر شہادت کی دعا مانگتے اوروالدہ سے کہا کرتے تھے، عائشہ تم ناراض نہ ہونا، میں نے اللّٰہ سے شہادت کی موت مانگی ہے، والد کے ان الفاظ نے انہیں آج تک گہرے اثرمیں رکھا ہوا ہے۔
رمضان، عید اور حج کی متوقع تاریخیں محکمہ موسمیات نے بتا دیں
انہوں نے بتایا کہ والد کے ساتھ گزرا آخری دن آج بھی یاد ہے، مجھے یاد ہے میں اسکول نہیں گیا تھا، والد میرے ساتھ بیٹھے اور کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ تم بہت بڑے بزنس مین بنو یا دولت مند ہو، بس ایک اچھے انسان بنو اور دین کے راستے سے کبھی نہ ہٹنا۔
واضح رہے کہ جنید جمشید 7 دسمبر2016ء کو چترال سے اسلام آباد آنے والے طیارے کے حادثے میں اپنی اہلیہ نیہا جمشید کے ہمراہ جاں بحق ہو گئے تھے انکی وفات کو مداح آج بھی رنج اورعقیدت کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔
