اسلام آباد: نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے فیس جمع کرانے کے عمل کو آسان بنا دیا۔
نادرا نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لیے شہریوں کی سہولت کے پیش نظر نیا اور آسان طریقہ کار متعارف کرا دیا۔ جس میں شہریوں کو فیس کی ادائیگی کے لیے بینکوں کی طویل قطاروں میں نہیں لگنا پڑے گا۔
اب شہری شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر خدمات کی فیس موبائل ایپلی کیشنز، آن لائن بینکنگ اور مختلف الیکٹرانک ذرائع سے ادا کر سکیں گے۔ جبکہ نادرا دفاتر میں براہ راست نقدی ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق اس نظام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ فیس کی ادائیگی شفاف اور محفوظ بھی ہو گی۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ اس سہولت سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومتی اداروں میں مالی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے فیس کی رقم بینک اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کی جاتی تھی۔ اس کے باعث شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا دیگر دستاویزات کی فیس کی ادائیگی ایک مشکل اور وقت طلب عمل تھا، جس میں شہریوں کو پہلے چالان بنوانا، پھر بینک میں فیس جمع کرانا اور دوبارہ دفتر جا کر درخواست آگے بڑھانا پڑتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا، مریم نواز
نادرا کا یہ فیصلہ ’ڈیجیٹل پاکستان‘ وژن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ جو سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔