محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، کشمیر،خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اورخیبر پختونخو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقا مات پر تیز/موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
شام یا رات میں شمال مشرقی بلوچستان،جنوب مشرقی سندھ اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔شام کو ژوب، موسی خیل، بارکھان، خضدار اور لسبیلہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
بلوچستان سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس معطل
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی، مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ناروال، پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ موسلادھار بارش،آندھی اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر (کچے گھر/دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔